
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے بیلٹ پیپرز اردو بازار سے چھپوانے کی تردید کردی۔
ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن شیرافگن اور صوبائی الیکشن کمشنر انور محبوب نے میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپرز کا تمام ریکارڈ موجود ہے جو کسی بھی مجاز اتھارٹی کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جو ان الزامات کی تحقیقات کرے۔ 11 مئی 2013 کے انتخابات میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی انتہائی سیکیورٹی میں کی گئی تھی جس کی نگرانی فوج کے کرنل رینک کے افسر کررہے تھے۔ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپویشن آف پاکستا ن اور سیکیورٹی پرنٹنگ آف پاکستان سے چھپوائے گئے تھے۔

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون میں داخل ہونے والوں کو طاقت کے استعمال سے روکنے کی مخالفت کر دی ہے۔
ایکسپریس نیوز اسلام آباد کے کے بیورو چیف عامر الیاس رانا کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے پرامن طریقے سے ریڈ زون میں داخل ہونے والوں کے خلاف کسی قسم کی طاقت کا استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور پولیس حکام کو حکم دیا ہے کہ ریڈ زون میں داخل ہونے والوں پر کسی صورت گولی نہ چلائی جائے اور نہ ہی ان پر لاٹھی چارچ یا آنسو گیس پھینکے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ تمام معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
نواز شریف نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ مظاہرین ریڈ زون میں جہاں بیٹھنا چاہیں بیٹھ جائیں تاہم ڈپلومیٹک انکلیو اور اہم تنصیبات کی عمارتوں کی جانب پیش قدمی سے گریز کیا جائے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا تھا کہ ہم پر امن طریقے سے ریڈ زون کی جانب بڑھیں گے اور ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا تھا منگل کو شام 5 بجے ریڈ زون کی جانب پیش قدمی کی جائے گی اور اگر کسی نے ہمارے کارکنوں پر گولی چلانے کی کوشش کی تو پھر عوام کے سمندر کو کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔

لندن / اسلام آباد: عالمی میڈیانے عمران خان کے لانگ مارچ کوپاکستان کے لیے مشکل قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ لانگ مارچ ملک کوانتشار کی طرف لے جارہا ہے۔
برطانوی اخبارڈیلی میل نے مارچ کے حوالے سے کہاہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارکسی رہنمانے اپنے کارکنوں کو یوٹیلٹی اوردیگر بل اداکرنے سے منع کیاہے۔ عمران خان نے اپنے دھرنے کی ناکامی کو میڈیا اورسیاسی تجزیہ کاروں سے چھپانے کیلیے سول نافرمانی کی تحریک کااعلان کیاہے۔ بی بی سی نے کہاہے کہ عمران خان کے سول نافرمانی تحریک کے اعلان کے بعداور ان کی تقریرشروع ہونے سے پہلے کے مناظریکسربدل گئے۔ تقریر سے پہلے لوگوں کا گروہ اسٹیج کی طرف بڑھ رہاتھا جواعلان کے بعدواپسی کیلیے مڑگیا، وہ سول نافرمانی کے اعلان سے متفق نہ تھے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمزکے مطابق طاہرالقادری اورعمران خان کے مارچ نے پاکستان کے دارالحکومت میں نظام زندگی مفلوج کردیا ہے۔ شہری پوچھ رہے ہیں کہ انھیں کس بات کی سزادی جارہی ہے، ایک اوراخبار نے لکھاہے کہ پہلے سے معاشی مسائل کا شکار ملک پاکستان میں سول نافرمانی تحریک کے اعلان کے بعدمزید انتشارکا خطرہ پیداہوگیاہے۔
برطانوی اخبار دی گارجین نے لکھاہے کہ2رہنما اسلام آباد میں10لاکھ لوگ تونہ لاسکے تاہم پولیس کے آنے سے اسلام آبادمیں نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ بھارتی اخبارانڈیا ٹائمزکا کہناتھا کہ پاکستان میں پہلے ہی دہشت گردحملے ہو رہے ہیں اور لانگ مارچ کے بعدپاکستان مزید انتشارکا شکار ہوگا۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہمارا پرامن مارچ شاہراہ دستور کی طرف جائے گا اور اس مارچ کی قیادت وہ خود کریں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کا آزادی مارچ مکمل طور پر آئینی اور جمہوری ہے۔ آج کا دن ملک کے لئے بہت اہم ہے، آج ہمارا پرامن مارچ شاہراہ دستور کی طرف جائے گا اور اس مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ خود ریڈزون جائیں گے اور کارکنان پر امن طریقے سے ان کے ساتھ چلیں گے، اسلام آباد پولیس کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ہم پر گولی چلائے گی یا نہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی پولیس ہم پر گولی نہیں چلائے گی جبکہ گلو بٹوں کو پیغام دیتے ہیں کہ اگر ہتھیار اٹھائے تو انہیں دنیا میں چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک پر عملدرآمد کی صورت میں وفاق کو ٹیکسوں و دیگر محاصل کی مد میں4 کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہوگا تاہم خیبرپختونخواحکومت بھی وفاق سے ملنے والے 3 کھرب روپے مالیت کے لگ بھگ فنڈز سے محروم ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کرکے وفاق کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا حکومت کوبھی امتحان میں ڈال دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت قومی محاصل میں حصہ کے طور پروفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران خیبرپختونخواحکومت کو 283.7 ارب روپے اداکرنا ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 2013-14 قومی محاصل میں خیبرپختونخواکاحصہ 235.04 ارب روپے تھا۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخواحکومت نے رواں مالی سال کے دوران وفاق کو قرضوں اور سود کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 17 لاکھ 40 ہزار روپے اداکرناہیں جس میں سے 70 کروڑ 46 لاکھ 64 ہزار روپے جبکہ 4 ارب 88کروڑ 70 لاکھ روپے غیر ملکی قرضے کی صورت میں اداکرناہیں اس کے علاوہ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخواسے ٹیکسوں کی مد میں بھی 3 کھرب روپے کے لگ بھگ آمدنی حاصل ہوتی ہے اگر حقیقت میں سول نافرمانی پر عملدرآمد ہوجاتاہے اور خیبرپختونخواحکومت کی طرف سے وفاق کو ٹیکس اور دیگر ادائیگیاں نہیں کی جاتیں تو اس سے وفاق کو بھاری نقصان ہوگا۔
برطانیہ مستحکم اور مضبوط جمہوریت قائم کرنے کے لیے پاکستانی عوام اور اداروں کی کوششوں میں ان کے ساتھ ہے، یوم آزادی پربرطانوی ہائی کمشنر کا پیغام. فوٹو: فائل
واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان میں عوامی اجتماع کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان میری ہارف نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا پاکستان میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والی سویلین حکومت کی بھرپور حمایت کرتا ہے تاہم اس کے ساتھ ہی وہ عوام کے اجتماع کے حق کا بھی احترام کرتا ہے۔ میری ہارف نے کہا کہ امریکا نے بھارتی وزیراعظم کے بیانات کا جائزہ لیا ہے اور ہم ماضی کی طرح پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا برطانیہ نے مستحکم اور مضبوط جمہوریت قائم کرنے کے لیے پاکستانی عوام اور اداروں کی کوششوں میں ان کا ساتھ دینے کا یقین دلایا ہے۔ جمعرات کو برطانوی ہائی کمشنر نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ برطانیہ مستحکم اور مضبوط جمہوریت قائم کرنے کے لیے پاکستانی عوام اور اداروں کی کوششوں میں ان کے ساتھ ہے۔

صورت حال سے نمٹنے کے لیے طویل مشاورت کے بعد حکومت نے 3 آپشنز پر مشتمل حکمت عملی مرتب کرلی ہے، ذرائع فوٹو؛فائل
کراچی: تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے اسلام آباد پہنچنے کے بعد وہاں پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے طویل مشاورت کے بعد حکومت نے 3 آپشنز پر مشتمل حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔
یہ حکمت عملی جمعرات کو وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے اہم رہنماؤں سے تفصیلی رابطوں کے بعد مرتب کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات کو حل کرانے کے لیے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ،پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ ،اعتزاز احسن ،گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،حکومت کے سیاسی رابطہ کار اور انتہائی بااثر مذاکراتی نمائندے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب دونوں جماعتوں کے شرکا دھرنا دینے کا آغاز کریں گے اور ان کے مطالبات سامنے آجائیں گے تو پھر ان آپشنز کا استعمال کیا جائے گا ،یہ جماعتیں جتنے دن دھرنایاپرامن احتجاج کریں گی، حکومت رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔