
لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ اگر عمران خان نے انہیں اپنی شادی میں گواہ بننے کے لئے بلایا تو اس کے لئے تیار ہیں۔
لاہور میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دھرنوں سےمتعلق پیدا ہونے والی صورت حال اور تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کرائے گئے استعفوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے استعفے جمع کرایئے ہیں اگر یہ استعفے منظور ہوگئے تو اس سے قومی بحران میں اضافہ ہوجائے گا۔ دونوں فریقین ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، دونوں جمہوریت اور عوام کی بھلائی بات کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم دونوں کو باعزت راستے میں داخل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ملک کے 18 کروڑ عوان کے علاوہ دوست ممالک کی بھی خواہش ہے کہ پاکستان میں جاری بحران ختم ہوجائے۔ ان کی دونوں فریقوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی انا کے خول سے باہر آکر باعزت راستے کی تلاش کریں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے ارکان کے استفعوں کی منظوری کا معاملہ چند ضروری معاملات کا متقاضی ہوتا ہے جس میں چند روز لگ جاتے ہیں تاہم امیر جماعت اسلامی نے ان سے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے کا معاملے میں تاخیر کرنے کی درخواست کی۔ اس معاملے میں وہ جس قدر ہوسکتا ہے کریں گے، انہیں اللہ تبارک و تعالیٰ کے بعد سراج الحق اور دیگر ساتھیوں سے امید ہے کہ جلد از جلد اس معاملے کا کوئی نہ کوئی حل نکل آئےگا۔ عمران خان کی شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے شادی میں گواہ بننے کے لئے بلایا تو وہ ضرور جائیں گے جبکہ سراج الحق کا کہنا تھا کہ نفرت کے ماحول میں شادی کی بات کرنابہت مثبت اشارہ ہے۔

لاہور: نجم سیٹھی پی سی بی میں پھر سے جان پکڑنے لگے، سابقہ مینجمنٹ کمیٹی چیف کواس مرتبہ ایگزیکٹیو کمیٹی کی چیئرمین شپ مل گئی ہے۔
نو منتخب چیئرمین شہر یار خان کی زائد العمری کے باعث آسٹریلیا، نیوزی لینڈ سمیت دور دراز کے ممالک کا سفر کرنے سے گریز کے فیصلے پر نجم سیٹھی کی آئی سی سی میٹنگز میں شرکت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ نجم سیٹھی کو پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی کا سربراہ بنانے کا فیصلہ گذشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں گورننگ بورڈ اجلاس کے دوران کیا گیا، نومنتخب چیئرمین شہریارخان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شکیل شیخ (اسلام آباد)، گل زادہ (پشاور)، پروفیسر اعجاز فاروقی (کراچی)، اقبال قاسم (نیشنل بینک)، امجد لطیف ( سوئی نادرن گیس)، یوسف نسیم کھوکھر (واپڈا) اور چوہدری اعجاز (فیڈرل سیکریٹری آئی پی سی ) نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد ، چیف فنانشل آفیسر بدر ایم خان، سلمان نصیر (سیکریٹری بورڈ آف گورنر) نے شرکت کی۔ یونائیٹڈ بینک کے منصورمسعود خان بیرون ملک ہونے کی وجہ سے میٹنگ کا حصہ نہیں بن سکے، انگلینڈ سے آڈیو لنک کے ذریعے ان سے مشاورت کی گئی۔ گورننگ بورڈ نے اتفاق رائے سے نجم سیٹھی کو ایگزیکٹیو بورڈ کا چیئرمین بنانے کی منظوری دی، کمیٹی میں سبحان احمد اور بدر ایم خان بھی شامل ہیں۔ ارکان نے پی سی بی کے 2014-15 بجٹ کی منظوری بھی دی جس کے بعد شرکا کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف کرکٹ سیریز کے میڈیا رائٹس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

راچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) نے 21اگست تک تقریباً 70 ہزار غیرملکیوں کا بائیومیٹرک ریکارڈ اپنے کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں شامل کرلیا ہے جبکہ سابقہ اتھارٹی نارا کے پاس پہلے سے رجسٹرڈ پرانے ریکارڈ کی اسکیننگ کا عمل بھی مکمل کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین نادرا محمد امتیاز تاجور نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا انھوں نے کہا کہ غیرملکیوں کی رجسٹریشن کیلیے ہر ممکن اقدام کیے جارہے ہیں جب کہ تمام وسائل اور تعاون ترجیحی بنیادوں پر مہیا کیے جارہے ہیں۔ نارا کے سابق ملازمین کا بائیومیٹرک ریکارڈ بھی نادرا نے تصدیق کے لیے مکمل کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیرملکیوں کی رجسٹریشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کیلیے تمام تر ذرائع استعمال کیے جارہے ہیں جبکہ موبائل رجسٹریشن وینز (ایم آر ویز) غیر ملکی پاکستانیوں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کیلیے کراچی فشریز پر کام کررہی ہیں۔ اسی طرح مدارس کے ساتھ بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکی طلبا کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کی جا سکے۔
چیرمین نادرا نے بتایا کہ 342 نئے غیرملکیوں کا ریکارڈ بھی بائیومیٹرک سسٹم میں شامل کیا گیا اور انھیں جلد ہی بائیومیٹرک خصوصیات کا حامل کمپیوٹرائزڈ کارڈ جاری کردیا جائے گا۔ اسی طرح کراچی کے مختلف زونل آفسز پر مینوئل کی تجدید؍ فریش رجسٹریشن کے ضمن میں ڈھائی ہزار غیرملکیوں کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا۔ کورنگی فش ہاربر اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کارڈی نیشن سینٹر(جے ایم آئی سی سی) سے تعاون بھی کیا جارہا ہے تاکہ ماہی گیری پر جانے والے غیرملکی پاکستانیوں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ بریگیڈیئر (ر) زاہد حسین نے مزید کہا کہ منیجنگ ڈائریکٹر سائٹ کے ساتھ مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے سندھ میں موجود غیر ملکیوں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن کیلیے ایک ملاقات بھی ہوئی ہے اور اس حوالے سے ایک اور اجلاس نادرا، ایم ڈی سائٹ اور سائٹ ایسوسی ایشن کے درمیان جلد ہوگا جس میں رجسٹریشن کے لیے طریقہ کار اور دیگر امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔
محمد امتیاز تاجورنے مزید کہا کہ بائیو میٹرک رجسٹریشن آفس کے انتظام کے لیے کراچی فش ہاربر اتھارٹی کے ساتھ اشتراک کار بھی عمل میں آچکا ہے جہاں غیرملکی ماہی گیروں کی بائیو میٹرک رجسٹریشن کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سیکریٹری وزارت داخلہ حکومت سندھ اور کمشنر کراچی سے بھی مختلف امور پر تعاون طلب کیا گیا ہے ۔

اسلام آباد: چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چور کہنے والے جمہوریت کے 2 غازی آج اکٹھے ہوگئے جب تک وزیراعظم نواز شریف استعفی نہ دے دیں اس وقت تک اسلام آباد میں دھرنا جاری رہے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کو صرف ایک ماہ کے لئے اقتدار سے علیحدگی کی آفر کی تاکہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کمیشن تحقیقات کا آغاز کردے، اگر جوڈیشل کمیشن ثابت کر دے کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تو نواز شریف کو بطور وزیراعظم قبول کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع ہوگئی ہے عوام بجلی کے بل، ٹیکس، ٹول ٹیکس اس وقت تک نہ دیں جب تک وزیراعظم مستعفی نہ ہوجائیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی بینک کے ذریعے پیسے نہ بھیجیں، خوشی ہے کہ اب اس قوم پر کوئی کسی قسم کی ناانصافی نہیں کرسکتا اور کوئی اپنا غلام نہیں بنا سکتا۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جتنی بہتر جمہوریت ہوتی ہے اتنی ہی بہتر حکومت ہوتی ہے،ملک میں رائج موجودہ جمہوریت اور حسنی مبارک کی جمہوریت میں کوئی فرق نہیں، حسنی مبارک اور اس کا خاندان امیر تھا اسی طرح یہاں حکمران امیر اور عوام غریب ہیں۔ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست مدینہ میں بنی تھی پاکستان میں بھی انصاف کا نظام لانا تھا لیکن چھوٹے سے طبقے نے جمہوریت پر قبضہ کیا اور ملکی خزانہ باہر لے گئے، ہندوستان کے کسان کو سستی بجلی، پانی اور کھاد ملتی ہے لیکن ملک میں شریف بادشاہوں کو کسانوں کی کوئی فکر نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج قوم جاگ چکی ہے، اللہ تعالی نے قوم میں شعور پیدا کردیا اور نوجوان اور گھروں میں بیٹھی خواتین بھی سیاسی عمل کا حصہ بن چکی ہیں، سارا پاکستان شعور رکھتا ہے کہ کون جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہے اور کون جمہوریٹ کی آڑ میں پیسا بنانا چاہتا ہے، خوشی ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنان بھی دھرنے میں شامل ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ شعور رکھنے والے کراچی کے عوام ہیں اور عنقریب کراچی بھی جاؤں گا جبکہ شریف بادشاہت کا بندوبست کرنے کے بعد کوئٹہ میں بھی جلسے کروں گا ۔

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءاور راولپنڈی اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ کے چیئرمین حنیف عباسی کے اہل خانہ سمیت لندن چلے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ حنیف عباسی اتوار کے روز اہل خانہ سمیت لندن چلے گئے جبکہ وہ اپنے ساتھ کافی زیادہ سامان بھی لے کر گئے ہیں۔ جب ان سے جانے کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے کے داخلے کا مسئلہ ہے جس کے باعث وہ بیرون ملک جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حنیف عباسی نہ صرف راولپنڈی، اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے چیئرمین ہیں بلکہ ان پر ایفی ڈرین کے بدنام زمانہ سکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے وفاقی دارالحکومت میں دھرنا دے رکھا ہے جبکہ چیئرمین عمران خان آج شام چھ بجے ریڈ زون کی جانب مارچ کرنے کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

لاہور: وزیراعظم، وزیر اعلیٰ، وزرا اور پولیس افسروں کے خلاف سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔
پاکستان عوامی تحریک کے وکلا عدالتی حکم نامہ لے کر پیر کے روز تھانہ فیصل ٹائون گئے تاہم ایس ایچ اوشریف سندھو موجود نہ تھے،عملے نے بتایا کہ وہ سی سی پی او آفس گئے ہوئے ہیں، وکلا 2گھنٹے تک تھانے میں موجود رہے تاہم کوئی ذمے دار افسر تھانے نہیں پہنچا۔ وہ مقدمہ درج کرنے پر اصرار کرتے رہے، اس دوران ان کی محرر سے تلخ کلامی بھی ہوئی، بعدازاں پولیس نے وکلا کی درخواست وصول کرلی۔
میڈیا سے گفتگو میں منصورآفریدی ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس عدالتی حکم پر بھی ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ایس ایچ او نے کہا ہے کہ درخواست میں اعلیٰ شخصیات کے نام ہیں وہ افسران کے احکام کے بغیرکوئی اقدام نہیں کر سکتا،مقدمہ درج نہ کیا گیا تو قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔ادھر جوڈیشل ٹریبونل کی کارروائی منظر عام پر لانے کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی، زبیر احمد نامی شہری نے موقف اختیار کیا کہ کارروائی کوسردخانے میں ڈال کر اصل حقائق کوچھپایا جارہا ہے۔
ادھر وزیراعظم نوازشریف، شہباز شریف، رانا ثنااللہ، چوہدری نثار، رانا مشہود اور مریم نوازسمیت اہم شخصیات کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔ بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیارکیا کہ سیشن کورٹ کے حکم کے بعد خدشہ ہے کہ یہ افراد بیرون ملک فرار ہوجائیں گے جبکہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا مارچ روکنے کے متعلق کیس میںفیصلے پر بھی نظر ثانی کی جائے۔

اسلام آباد / لاہور: وزارت داخلہ نے پولیس کو ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے ریڈزون میں تمام سرکاری عمارتوں پر شارپ شوٹر تعینات کردیے گئے۔
تحریک انصاف کے دھرنا کے شرکا کے ریڈزون میں داخلے کے ممکنہ اقدام کے پیش نظر وزارت داخلہ نے پولیس کو ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ ریڈ زون کی سیکیورٹی کیلیے 3 حصار بنانے کی ہدایت کردی گئی۔ پہلے حصار میں وفاق اور پنجاب پولیس، دوسرے حصار میں ایف سی اوررینجرز اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ تیسرے حصار میں سیکیورٹی کی ذمے داری فوج کوسونپ دی گئی ہے۔ لاہور پولیس کے 1500 اہلکار بھی گزشتہ روز اسلام آباد روانہ ہوگئے جن میں اینٹی رائیڈ دستے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریڈ زون کی سیکیورٹی کے پیش نظر لاہور پولیس کے اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے۔ دریں اثناء انقلاب اور آزادی دھرنوں کی وجہ سے بیشتر ممالک کے سفارتخانوں میں معمول کی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔